برازیلیا: (ویب ڈیسک) فیفا انڈر 17 فٹبال ورلڈکپ میں انگولا، فرانس، سینیگال اور چلی نے اپنے میچز جیت کر اگلے راؤنڈ میں پڑاؤ ڈال دیا ہے۔ امریکا اور جاپان کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لاطینی امریکا کے ملک برازیل میں کھیلے جانے والے عالمی ایونٹ کے دوران گروپ سی کے پہلے میچ میں جنوبی کوریا اور فرانس کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، میچ میں فرانس نے جنوبی کوریا کو آسانی کے ساتھ ایک کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔ فرانس کی اپنے گروپ میں یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے۔
گروپ ڈی کے دوسرے میچ میں سینیگال کی ٹیم نے ہالینڈ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے زیر کر لیا، اس کامیابی کے بعد سینیگال کی ٹیم گروپ ڈی میں زیادہ 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہے۔
گروپ سی کے تیسرے میچ میں چلی کی ٹیم نے ہیٹی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے قابو کر لیا۔
گروپ ڈی کے ایک اور میچ میں امریکا اور جاپان کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہو گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کو مزید دو میچز کھیلے جائیں گے، سولومن آئی لینڈ کا مقابلہ پیراگوئے کیساتھ ہو گا جبکہ سپین کی ٹیم تاجکستان کیساتھ ٹکرائے گی۔