کورونا وائرس کے باعث ہیوی ویٹ باکسنگ کا عالمی مقابلہ ملتوی

Last Updated On 03 April,2020 09:56 pm

لندن: (ویب ڈیسک) عالمی سطح پر وبائی مرض کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہیوی ویٹ باکسنگ کا عالمی مقابلہ ملتوی بھی کر دیا گیا ہے۔ مقابلے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیائے باکسنگ کا یہ عالمی مقابلہ موجودہ چیمپئن اینتھونی جوشوا اور کوبراٹ پولیوو کے درمیان ٹونینتھم سٹیڈٰٗیم میں 20 جون کو ہونا تھا۔ خیال رہے کہ برطانوی باکسر اینتھونی جوشوا موجودہ دور کے عالمی چیمپئن ہیں۔ انہوں نے آئی بی ایف،ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی او اور آئی بی او کے ٹائٹل اپنے نام کر رکھے ہیں۔

30 سالہ برطانوی باکسر جوشوا گزشتہ سال دسمبر کے بعد سے لے کر اب تک کوئی مقابلہ نہیں لڑے۔ انہوں نے آخری مرتبہ سعودی عرب میں اینڈی رویز جونئیر کیخلاف پوائنٹس کی برتری کے ذریعے مقابلہ جیتا تھا جبکہ اس سے قبل نیویارک میں جون 2019ء میں ہونے والے سخت مقابلے میں میکسیکو ںژاد امریکی باکسر نے انھیں شکست دیدی تھی۔

اب انتھونی جوشوا کو اپنا آئی بی ایف ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے 38 سالہ کوبراٹ پولیوو کیساتھ مقابلہ کرنا ہے۔ یہ مقابلہ 2017ء میں شیڈول ہو چکا تھا لیکن پولیوو کو پیش آنے والی کندھے کی انجری کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا تھا۔

باکسنگ کے عالمی مقابلے کو بھی کورونا وائرس کے باعث ملتوی کرنا پڑ رہا ہے۔ منتظمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وبا کے پھلاؤ کی وجہ سے صورتحال دگرگوں ہے، اس لیے ہو سکتا ہے کہ باکسنگ مقابلہ جولائی تک ممکن ہو سکے، تاہم اس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
 

Advertisement