کورونا کیخلاف جنگ، رافیل نڈال کا فرنچ اوپن کی شرٹ نیلامی کیلئے دینے کا اعلان

Last Updated On 09 April,2020 12:14 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے خلاف ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے اپنی فرنچ اوپن کی شرٹ نیلامی کے لیے دینے کا اعلان کر دیا، ورلڈکپ ہیرو بین اسٹوکس نے کرکٹ کا بڑا ایوارڈ جیت لیا، ریال میڈرڈ کے پلیئنگ اور کوچنگ اسٹاف نے آمدن کا بیس فیصد تک حصہ کٹوتی کی اجازت دے دی۔

کورونا وائرس کے خلاف سپر اسٹار اِن ایکشن، عالمی نمبر ٹو رافیل نڈال نے دوہزار انیس کا ریکارڈ بارہواں فرنچ اوپن جیتا، اس دوران پہنی ہوئی شرٹ نیلام کرنے اور ملنے والی رقم کو کورونا فنڈ میں جمع کرانے کا اعلان کر دیا۔

یاد رہے کہ ٹینس سیزن کا دوسرا گرینڈ سلیم "فرنچ اوپن" جان لیوا وبا کے باعث رواں سال جولائی کے بجائے ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔ ورلڈکپ ہیرو انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے کرکٹ کا بڑا ایوارڈ "وِزڈن" وبائی مرض سے تحفظ کے نام کر دیا۔

اس سے پہلے انگلینڈ ہی کے وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر نے اپنی ورلڈکپ شرٹ 65 ہزار پاؤنڈ میں نیلام کر دی، رقم امدادی کاموں کے لیے وقف کر دی تھی۔

اسپینش فٹبال کلب "رالو میڈرڈ" کے پلیئنگ اور کوچنگ اسٹاف نے آمدن کا دس سے بیس فیصد حصہ بیماری سے بچاؤ کے لیے دینے کا اعلان کر دیا، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹر وبا سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے عملی طور پر میدان میں آ چکے ہیں۔