نوواک جوکووچ کی کورونا ویکسین کو کھلاڑیوں کیلئے لازم قرار دینے کی مخالفت

Last Updated On 20 April,2020 10:24 pm

لندن: (ویب ڈیسک) مردوں کے عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے کووڈ 19 کی ویکسین کو کھلاڑیوں کے لیے لازمی قرار دینے کی مخالفت کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب ٹینس کا کھیل دوبارہ شروع ہو گا اور کھلاڑیوں کو ویکسین لینے کا کہا گیا تو پھر انھیں ’فیصلہ‘ کرنا ہوگا۔

17 مرتبہ گرینڈ سلام چیمپیئن نے سربین کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں چاہوں گا کہ سفر کرنے کی غرض سے پہلے مجھے ویکسین لینے پر مجبور کیا جائے۔ اگر اسے لازمی قرار دیا گیا تو کیا ہوگا ؟ مجھے فیصلہ کرنا ہوگا۔ میری اس معاملے میں اپنی سوچ ہے اور کیا وہ کسی موقع پر بدلے گی یہ میں نہیں کہہ سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سیزن جولائی، اگست یا ستمبر میں شروع ہوتا ہے جس کی امید بہت کم ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ اس سخت قرنطینہ سے نکلنے کے بعد ویکسین لینا شرط ہوگا۔

واضح رہے کہ ٹینس کے تمام ٹورنامنٹ 13 جولائی تک معطل ہیں۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن کو منسوخ کیا گیا ہے اور فرینچ اوپن کو ستمبر تک موخر کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement