اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مارٹا ویمن فٹ بال کلب کراچی کے بانی اور صدر رئیس خان نے مطالبہ کیا ہے کہ فٹ بال سمیت کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں۔
رئیس خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث 2 مہینوں سے زائد سپورٹس کی تمام سرگرمیاں بند ہیں اور کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں۔ تاجروں، صنعتکاروں سمیت مختلف شعبہ جات کی طرح مستحق کھلاڑیوں کیلئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے ایس او پیز تیار کی گئی ہیں جن پر عمل کر کے فٹ بال سمیت تمام کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جا سکتی ہیں۔ ملک میں سپورٹس کا شعبہ پہلے ہی مصائب کا شکار ہے۔ لاک ڈاﺅن کے باعث فٹ بال سمیت تمام سپورٹس کے ایونٹ بند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مارٹا ویمن فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں کو آن لائن فزیکل فٹنس کیلئے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ گراﺅنڈ میں پریکٹس کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت، وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے پر زور اپیل کی ہے کہ فٹ بال سمیت تمام کھیلوں کی سرگرمیاں ایس او پیز کے تحت فوری طور پر بحال کی جائیں کیونکہ کھلاڑی تذبذب کا شکار ہیں۔