صوفیہ: (ویب ڈیسک) بلغاریا کے باکسر کبرت پالیو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اینتھونی جوشوا کیساتھ ہیوی ویٹ مقابلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جوشوا مقابلہ کریں ورنہ ٹائٹل چھوڑ دیں۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن نے کبرت پالیو اور برطانوی باکسر اینتھونی جوشوا کے درمیان 20 جون کو ہونے والا مقابلہ ملتوی کر دیا ہے۔ خبریں ہیں کہ بلغارین باکسر کو کہا جا رہا کہ وہ پیسوں کے عوض اس سے پیچھے ہٹ جائیں تاکہ اینتھونی جوشوا اور ٹائسن فیوری کے درمیان فائٹ منعقد ہو سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کبرت پالیو نے اس خبر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے ابھی تک اس بات کی سمجھ نہیں آ رہی کہ اینتھونی جوشوا کیساتھ میرے مقابلے کی تاریخ کا اعلان کیوں نہیں کیا جا رہا، اب بہت ہو گیا، میں یہ مقابلہ جیتنے کیلئے اور انتظار نہیں کر سکتا۔
انہوں نے بظاہر اینتھونی جوشوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگ کس طرح مجھ سے خوفزدہ ہیں اور میرے ساتھ مقابلے سے پہلے کسی اور کیساتھ لڑنا چاہتے ہیں۔ حقیقی فاتح اس طرح کا برتاؤ نہیں کرتے۔
یاد رہے کہ 2017ء میں کبرت پالیو کا اینتھونی جوشوا کیساتھ مقابلہ ہونا تھا تاہم بلغارین باکسر کے زخمی ہو جانے کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد جوشوا 2019ء میں اینڈی روئز کے ہاتھوں شکست کھا گئے تھے، اس وجہ سے ان کی پالیو کیساتھ فائٹ ہونا لازمی ہے۔
اینتھونی جوشوا کے پاس اس وقت آئی بی ایف، ڈبلیو بی اے اور ڈبلیو بی او کے ٹائٹلز موجود ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ ڈبلیو بی سی کے ٹائٹل کیلئے فیوری کیساتھ مقابلہ کریں۔