لاس اینجلس: (دنیا نویز) امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر نے اپنے ٹرینر کے انتقال پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ راجر مے ویدر میرے انکل بھی تھے۔ میں نے آج اپنی زندگی کے اہم فرد کو کھو دیا۔
خیال رہے کہ راجر مے ویدر کا گزشتہ روز 58 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔ ان کا شمار بھی دنیائے باکسنگ کے مشہور کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے ہی اپنے بھتیجے فلائیڈ مے ویدر کو عظیم باکسر بننے میں مدد دی۔
فلائیڈ مے ویدر نے اپنے ٹرینر راجر مے ویدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا شمار باکسنگ کے بڑے باکسرز اور ٹرینرز میں ہوتا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انکل راجر مے ویدر کی میری زندگی میں بہت اہمیت ہے۔ بدقمستی سے وہ گزشتہ کئی سالوں سے اپنی بیماری سے لڑ رہے تھے، جس میں جیت بالاخر موت کو ہوئی۔ راجر نے مجھے زندگی کے معنی سمجھائے۔ ان کا انتقال میرے والد مے ویدر سینئر، میرے انکل جیف، تمام خاندان اور پوری باکسنگ برادری کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔