لندن: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خوف کے باعث پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے 21 مارچ کو پاکستان میں ہونے والے باکسنگ مقابلوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی تباہی کی لپٹ میں ہر کوئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ نہیں لگی وہ اس کے خوف میں رہ رہے ہیں اور خوف بالکل حقیقی ہے جس سے کوئی فرار نہیں۔ یہ وبا دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیل رہی ہے اور دنیابھر کے 160 سے زائد ممالک تک متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
اب پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے 21 مارچ کو پاکستان میں ہونے والے باکسنگ مقابلوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بالآخر کرونا وائرس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔
We have decided to postpone the Professional boxing event in pakistan Islambad on 21st March 2020 due to corona virus, We hope everyone stays Safe! Stay tuned for more updates. Thank you for your cooperation pic.twitter.com/dzSgknpQiF
— Amir Khan (@amirkingkhan) March 16, 2020
عامر خان نے سوشل میڈیا پر ان مقابلوں کی منسوخی کا اعلان کر دیا جبکہ دو روز قبل عامر خان نے ایونٹ منسوخ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب دنیا بھر کے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور اکثر ملکوں نے اپنے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک مقابلوں کو اپریل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔
دنیا کی مشہور ترین فٹبال لیگ انگلش پریمیئر لیگ سمیت برطانیہ میں ہونے والے تمام تر کھیلوں کے مقابلے 3اپریل تک منسوخ کردیے گئے اور اس سلسلے میں مزید فیصلہ بھی اجلاس کے ذریعے کیا جائے گا۔
گالف ماسٹرز اور لندن میراتھن کو بھی تاحکم ثانی ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ دنیا بھر میں دیگر فٹبال لیگز کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ٹینس کے بعد اب تیراکی اور ریس کے بھی تمام مقابلوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ملتوی کردیا گیا ہے۔
دنیا بھر کے دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ پر بھی کرونا بری طرح اثرانداز ہو رہا ہے جہاں گزشتہ روز انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز منسوخ ہونے کے بعد بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کو بھی منسوخ کردیا گیا۔
انڈین پریمیئر لیگ 15اپریل تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب بھارتی کرکٹ حکام نے موقف اپنایا ہے کہ وہ انڈین پریمیئر کا نیا شیڈول مرتب کرنے سے قبل صورتحال کے بہتر ہونے ا انتظار کریں گے۔انڈین پریمیئر لیگ کی تمام فرنچائزوں نے بھی پریکٹس موخر کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو گھر واپس جانے کی ہدایت کی ہے جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے تاحکم ثانی تمام ڈومیسٹک مقابلوں کو بھی منسوخ کردیا ہے۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر ہوتی ہوئی صورتحال کے سبب اب رواں سال ٹوکیو میں شیڈول کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس 2020 کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔