لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ایک اور ابھرتے ہوئے باکسر اور ایشین بوائے کہلانے والے عثمان وزیر کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ بھارتی حریف کے ساتھ میرا مقابلہ ہو۔ کیونکہ دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ کے دوران پر جوش ہوتے ہیں تاہم چاہتا ہوں یہ پر جوش منظر باکسنگ میں بھی نظر آئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ بھارت کے باکسر کے ساتھ مقابلے کا خواہشمند ہوں، اس فائٹ میں روایتی حریف ملک کے باکسر کو ہرا کر بتانا چاہتا ہوں کہ ہم باکسنگ میں بھی نمبر ون ہیں۔
یاد رہے کہ عثمان وزیر کو پروفیشنل باکسنگ کیریئر میں ایک سال ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایک سال میں تین فائٹس کھیلیں اور تینوں فائیٹس اپنے نام کی ہیں۔ حال ہی میں فلپائن کے شہر منیلا میں تیسری فائٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے اور اپنے کیریئر کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
اپنے مستقبل کے اہداف بارے بات کرتے ہوئے عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ اب نظریں ورلڈ باکسنگ چیمپئین شپ کے یوتھ ٹائٹل پر ہے۔ چاہتا ہوں کہ مستقبل میں پاکستان کیلئے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کا یوتھ ٹائٹل جیتوں۔ ابھی تک کسی پاکستانی باکسر نے یہ ٹائٹل نہیں جیتا، میں چاہتا ہوں کہ یہ اعزاز پاکستان کے نام کروں۔
ایشیئن بوائے کا کہنا تھا کہ ملک میں پروفیشنل باکسنگ کی ٹرینرز اور کوچز کا فقدان ہے۔ سینئر ٹائٹل کے حصول کے لیے میکسیکنز اور امریکی باکسرز کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا’ سمجھتا ہوں کہ مقابلے میرے لیے سخت ہوں گے اور اسکے لیے مجھے ٹریننگ بھی سخت کرنا ہوگی۔ پاکستان کے باہر جاکر مجھے ٹریننگ لینا ہوگی۔