لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ 2020ء کے دوران میں اور بھی زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہوں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان کے مشہور باکسر محمد وسیم نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔
ویڈیو بیان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے سال میں اور بھی زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہوں، 2019 کے دوران میں نے دو فائٹ لڑیں، دونوں میں اچھی کارکردگی رہی۔
یہ بھی پڑھیں: محمد وسیم نے میکسیکن باکسر کو ہرا کر ورلڈ رینکنگ فائٹ جیت لی
باکسر کا کہنا تھا کہ 2020ء کو بھی 2019ء کی طرح یادگار بنا نا چاہتا ہوں، 2020 میں میری ٹیم نے اور بھی فائٹس پلان کی ہیں، آنے والے سال میں پاکستان کے لیے اور زیادہ کامیابیاں حاصل کرنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ رواں سال 22 نومبر کو پاکستانی باکسر محمد وسیم نے میکسیکن باکسر گینگان لوپز کو پچھاڑ کر ورلڈ رینکنگ فائٹ جیتی تھی۔
محمد وسیم نے میکسیکو کے گینگان لوپز کو سنسنی خیز میچ کے بعد آؤٹ کلاس کیا تھا، پاکستانی باکسر 8 راؤنڈز میں حریف باکسر پر حاوی رہے۔ انہوں نے سپر فلائی ویٹ کیٹیگری میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان کی یہ گیارہویں فائٹ تھی جس میں انہوں نے 10ویں بار کامیابی حاصل کی تھی۔
8 راؤنڈز پر مشتمل میچ میں محمد وسیم کو 75 کے مقابلے میں 77 پوائنٹس سے فتح ملی۔ باکسر محمد وسیم کے حریف تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے۔ میچ کے دوران برطانوی نژاد پاکستانی باکسر محمد عامر نے بھی شرکت کی اور پاکستانی باکسر کا حوصلہ بڑھایا۔
اس سے قبل 14 ستمبر کو باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی تھی، محمد وسیم نے فلپائنی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔
دبئی میں ہونے والی فائٹ سے قبل سکاٹ لینڈ میں انہوں نے جم کر پریکٹس کی اور اس کے بعد کہا تھا کہ سائیکل چلانے سے گھٹنے اور ٹانگیں مضبوط ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی باکسر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر کوئی احساسات نہیں ہو سکتے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کروں۔