پیراگ: (ویب ڈیسک) چیک ری پبلک کی ٹینس سٹار پیٹرا کویٹووا نے شائقین کے بغیر کھیل کو عجیب تجربہ قرار دیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ بالاخر اس کا آغاز تو کسی طریقے سے ہوا۔
تفصیل کے مطابق اپنے کیرئیر میں اب تک 27 ٹائٹل اپنے نام کرنے والی ٹینس سٹار پیٹرا کویٹووا نے بہت سے مقابلوں میں حصہ لیا لیکن گزشتہ ہفتے انھیں شائقین کے بغیر کھیل پیش کرکے ‘’عجیب’’ تجربے سے گزرنا پڑا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کیساتھ بات کرتے ہوئے دو مرتبہ ومبلڈن چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والی پیٹرا کویٹووا نے اپنا تجربہ شیئر کیا اور کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی صورتحال میں نرمی کے بعد پراگ ٹورنامنٹ کا انعقاد میرے کیلئے بہت معنی رکھتا ہے۔
پیراگ ٹورنامنٹ میں فاتح قرار پانے والی پیٹرا کویٹووا کا کہنا تھا کہ میں یہ اعزاز حاصل کرکے بہت خوش ہوں لیکن آج تک میں نے جن کھیل کے مقابلوں میں حصہ لیا، یہ ان سے بالکل مختلف تھا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر تماشائیوں کے کھیلنا بہت عجیب تجربہ رہا۔