پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا ملک میں دوبارہ کھیلوں کی بحالی پر خیر مقدم

Last Updated On 10 August,2020 10:04 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی پر خیر مقدم کیا ہے۔ نیٹ بال کھیل کا آغاز 14 اگست کو جشن آزادی کے موقع پر نمائشی میچ سے ہوگا۔

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جشن آزادی کے سلسلہ میں 14 اگست کو ملک بھر میں نیٹ بال کے نمائشی میچز کھیلے جائیں گے اور اس سلسلہ میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے تمام متعلقہ صوبائی، ریجنل ایسوسی ایشنز اور محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیٹ بال کے میچز لاہور، پشاور، کراچی، اسلام آباد، گلگت، مظفر آباد اور کوئٹہ سمیت ضلعی سطح پر بھی منعقد ہونگے اور میچز کے دوران تمام کھلاڑی، کوچز اور آفیشلز حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مدثر آرائیں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث معطل ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیوں کو حکومت کی جانب سے ملک میں دوبارہ کھیلوں کی بحالی خوش آئند بات ہے اور اس سے ملک میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوتے ہوئے رونقیں بحال جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک میں آن لائن سیمینار کا بھی اہتمام کیا تھا جس میں ملک بھر سے سو سے زائد کھلاڑیوں، کوچز، ٹیکنیکل آفیشلز اور سکول ٹیچرز نے حصہ لیا اور اب کوچنگ کورس منعقد کروانے کی منصوبہ بندی تیار کی جا رہی ہے۔