ٹوٹل نیوٹریشن پولو کپ: ڈائمنڈ پینٹس، ایف جی پولو ٹیم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 06 November,2020 06:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولو کلب کے زیر اہتمام ٹوٹل نیوٹریشن پولو کپ 2020ء کے دوسرے سیمی فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس، ایف جی پولو ٹیم نے ٹیم اے او یس پولو کو 9-5.5 سے ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں آٹھ گول کے اس ٹورنامنٹ ٹوٹل نیوٹریشن کے اہم سیمی فائنل کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضی،شاہ قبلائی عالم، فیروز گلزار، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل(ر) مدثر شریف اور ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سیمی فائنل کافی دلچسپ رہا۔ ڈائمنڈ پینٹس، ایف جی پولو ٹیم اور اے او ایس ٹیموں کے درمیان زبردست کانٹے کا مقابلہ رہا۔ دوسرے چکر کے اختتام تک میچ برابری پر تھا مگر تیسرے اور چوتھے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس، ایف جی پولو ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے میچ 9-5.5 سے جیت لیا۔

ڈائمنڈ پینٹس، ایف جی پولو ٹیم کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے شاندار کھیل پیش کیا اور تین جبکہ ٹام بروڈی نے بھی تین گول سکور کیے دیگر میں میر شعیب احمد اور میاں عباس مختار نے ایک ایک گول سکور کیا۔

ٹیم اے او ایس کی طرف سے گی گبرٹ نے تین جبکہ احمد زبیر بٹ نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈیڑھ گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ فائنل اتوار کو نیوایج کیبلز اور ڈائمنڈ پینٹس۔ ایف جی پولو ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔