ملیبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلین اوپن کھیلنے کیلئے میلبرن پہنچے مزید دو کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ کھلاڑی اس وقت قرنطینہ میں ہیں۔ آسٹریلیا آمد پر ان کا ٹیسٹ لیا گیا تھا جو پازیٹو آیا۔
آسٹریلوی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے علاوہ کھیل سے وابستہ ایک اور فرد کے اندر بھی کووڈ 19 کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ جس کے بعد اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 7 ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے گزشتہ دنوں کھلاڑیوں اور ان کے آفیشلز کیساتھ ساتھ دیگر 1200 افراد ملیبرن پہنچے تھے۔ ایئرپورٹ پر اترتے ہی ان سب کا ٹیسٹ لیا گیا اور بعد ازاں مختلف ہوٹلوں میں آئسولیٹ کر دیا گیا، جہاں ان کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلین اوپن آئندہ ماہ 8 فروری سے شروع ہونگے۔ آسٹریلین وزارت صحت کے آفیسر بریٹ سوٹین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے جن لوگوں کا حال ہی میں کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے ان میں ایک 20 سالہ خاتون بھی شامل ہے۔ یہ تینوں افراد پہلے سے ہی آئسولیشن میں ہیں۔