فارمولا ون: سعودی عرب گراں پری کیلئے دنیا کا سب سے تیز ترین ٹریک بنے گا

Published On 18 March,2021 06:07 pm

جدہ: (دنیا نیوز) فارمولا ون کے حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رواں سال سعودی عرب گراں پری ایونٹ کیلئے جدہ میں دنیا کا سب سے تیز ترین ٹریک بنایا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس تیز ترین ٹریک کیلئے جدہ کے ساحل پر جگہ مختص کر لی گئی ہے۔ یہ ٹریک ناصرف تیز ترین بلکہ دنیا کا دوسرا بڑا فاصلے پر مشتمل ہوگا۔

فارمولا ون کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس ٹریک پر گاڑیوں کی حد رفتار 155 ایم پی ایچ ہوگی۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں ابھی تک اتنا تیز رفتار ٹریک نہیں بنایا گیا ہے۔

اس حوالے سے فارمولا ون کے مینجنگ ڈائریکٹر روز بران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شائقین ریسنگ کو اس ٹریک پر زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ جب اس تیز ترین ٹریک پر ڈرائیور ایک دوسرے کو اوورٹیک کرنے اور مقابلہ جیتنے کی کوشش میں سپیڈ دکھائیں گے تو دیکھنے والوں کیلئے یہ نظارہ انتہائی دلفریب ہوگا۔
 

Advertisement