ڈاکٹر شہباز گل پی ایس ایل طرز پر ہاکی اور باکسنگ لیگ کے خواہشمند

Published On 02 July,2021 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی طرز پر ہاکی لیگ اور باکسنگ لیگ بھی ہونی چاہیے۔ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیلوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، ہمیں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سپورٹس جرنلسٹس کے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہباز گل نے کہا کہ پی ایس ایل سے ملک میں کھیلوں کے شعبے میں بہتری آئی ہے۔ ہاکی لیگ اور باکسنگ لیگ بھی ہونی چاہیے، ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے سپورٹس جرنلسٹس کو صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا ۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں بڑی آبادی نوجوانوں کی ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں مثبت عادات کو فروغ ملے گا اور وہ اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے صحتمندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ منظم منصوبہ بندی سے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیلوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس جرنلسٹس کھیلوں سے متعلق تمام معلومات سے آگاہی فراہم کرتے ہیں۔ کسی بھی معاشرے کے لئے ثقافت اور کھیلوںکا فروغ اہمیت کا حامل ہے۔ میڈیا کو سماجی مسائل کو اجاگرکرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا معاشرے میں غلط فہمیوں کے ازالہ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ کھیل جو ہیں ہماری زندگی کا اہم حصہ ہیں۔ اس سے ذہنی اور جسمانی نشو و نما میں مدد ملتی ہے۔ اس سے جیت اور ہار کے بارے میں سیکھا جاتا ہے۔