لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے.
ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم نے نیشنل سپورٹس پالیسی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل پر اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، چاروں صوبوں کے کھیلوں کے وزراء، چیئرمین پاکستان سپورٹس بورڈ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا، پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ملک میں کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت بڑھنے سے کھیلوں کا معیار بہتر ہو گا۔ پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت موجود ہے،
اجلاس کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے، نیشنل سپورٹس پالیسی، اس حوالے سے صوبوں سے مشاورت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے جسکے تحت بورڈ اور ایگزیکیٹیو کمیٹی کے ممبران کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے۔
بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ بورڈ کے اختیارات و ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت مقابلے کی فضاء کے قیام کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے جبکہ نیا آئینی مسودہ بھی سی سی ایل سی سے منظور ہوچکا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، جن میں رجسٹریشن، الیکشن کا طریقہ کار، ماڈل کانسٹی ٹیوشن، ریگولیٹری فریم ورک اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ آرگنائیزیشن آف پاکستان شامل ہیں۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کے شرکاء کو صوبوں سے نیشنل سپورٹس پالیسی کی تیاری کے حوالے سے مشارت کے بارے بھی بتایا گیا۔
صوبوں سے تعاون و روابط بڑھا کر ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی۔ صوبے مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کلبز و ایسوسی ایشنز کو سہولیات فراہم کریں گے، اسکے علاوہ مقامی سطح پر صوبوں کی طرف سے اہم کھیلوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے گی۔ اجلاس کو بڑے شہروں میں ہاکی ٹرف کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔ اسلام آباد میں اس پر کام مکمل ہے جبکہ واہ کینٹ، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور، مظفر آباد اور گلگت میں اس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے جاری منصوبوں پر کام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔