ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ہاکی اسٹرو ٹرف کا منصوبہ مقررہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
ملتان میں متی تل روڈ پر تین سال پہلے ہاکی اسٹروٹرف، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، سکواش، بیڈ منٹن اور سوئمنگ پول کی تعمیر کے منصوبے کا تخمینہ لاگت چالیس کروڑ روپے لگایا گیا جس کیلئے حکومت نے صرف ہاکی اسٹروٹرف کی تعمیر کیلئے ہی پندرہ کروڑ روپے جاری کیے لیکن کورونا کے باعث فنڈز کی فراہمی میں تعطل سے ہاکی اسٹرو ٹرف کا منصوبہ بھی مقررہ ڈیڈ لائن میں مکمل نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس اور سوئمنگ پول کا منصوبہ بھی تاحال فائلوں کی حد تک محدود ہے جس کا شہریوں نے حکومت سے نوٹس لے کر ہاکی اسٹرو ٹرف کا منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسر کا موقف ہے کہ ہاکی اسٹرو ٹرف کا منصوبہ مکمل کرنا ترجیح ہے جس کیلئے کام کی رفتار کافی حد تک تیز کر دی ہے۔
باسکٹ بال ، ٹیبل ، سکواش ، بیڈ منٹن اور سوئمنگ پول کا منصوبہ فنڈز کی عدم فراہمی سے شروع نہیں ہو سکا جبکہ ہاکی اسٹرو ٹرف کو مکمل کرنے کے حوالے سے بھی ٹیکنیکل مسائل برقرار ہیں۔