فیفا ورلڈ کپ: پہلی بار کوارٹرفائنل میں پہنچنے پر مراکشی کھلاڑی میدان میں سجدہ ریز

Published On 07 December,2022 09:39 am

دوحہ: (ویب ڈیسک) سرزمین عرب قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے پر مراکشی کھلاڑی میدان میں ہی سجدہ ریز ہو گئے۔

فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں مراکش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی ککس پر سابق عالمی چیمپئن اسپین کو شکست دی۔

مراکش اور اسپین کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا دونوں ٹیمیں اضافی وقت میں بھی گول نہ کرسکیں اور میچ پھر برابر ہو گیا۔

جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر کرایا گیا، فیصلے کے لیے دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پینالٹی ککس دی گئیں، مراکش کی ٹیم چار پینالٹی ککس میں سے تین پر گول کرنے میں کامیاب رہی جبکہ اسپین کی ٹیم ابتدائی تینوں پینالٹی ککس پر گول کرنے میں ناکام رہی، یوں مراکش نے اسپین کو پینالٹی ککس پر 0-3 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

پہلی بار ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے بعد مراکشی کھلاڑیوں نے میدان میں سجدہ کر کے اللہ کا شکر ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر بھی مراکشی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے فتح کے بعد سجدے کرنے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، صارفین نے بھی کہا کہ کامیابی کے بعد سجدہ اللہ کا شکر ادا کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔