فیفا ورلڈ کپ : پرتگال کی کوارٹر فائنل میں رسائی، سوئٹزر لینڈ ایونٹ سے باہر

Published On 07 December,2022 02:39 am

دوحا : (ویب ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ 2022 کے آخری پری کوارٹر فائنل میں پرتگال نے سوئٹزر لینڈ کو شکست دے کر کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی کر لی۔

قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے اہم میچ میں پرتگال نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف 1 کے مقابلے میں 6 گول سے فتح سمیٹی، فاتح ٹیم کے کھلاڑی راموس نے 3 گول سکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پرتگال کی جانب سے راموس نے کھیل کے 17ویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا جبکہ 33 ویں منٹ میں پے پے نے بال کو حریف کے جال تک پہنچایا۔

کھیل کے 51 ویں منٹ میں راموس نے اپنا دوسرا اور ٹیم کیلئے تیسرا گول داغا جبکہ 55ویں منٹ میں رافیل گریرو نے چوتھا گول سکور کے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔

مقابلے کے58 ویں منٹ میں سوئس کھلاڑی مینیول اکانجی نے اپنی ٹیم کیلئے پہلا گول کیا لیکن اس کے چند لمحات بعد پرتگالی کھلاڑی راموس نے ٹیم کی جانب سے پانچواں گول کرکے حریف ٹیم کی مشکلات میں پھراضافہ کردیا۔

پرتگال کی جانب سے چھٹا گول دوسرے ہاف کے اضافی وقت میں رافیل لیاؤ نے کیا اور اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا، سوئٹزرلینڈ کا شکست کے بعد میگا ایونٹ میں سفر اختتام پزیر ہو گیا۔