دوحہ: (دنیا نیوز) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا فیفا ورلڈ کپ کا ارجنٹائن اور کروشیا کے مابین ہونے والا پہلا سیمی فائنل میچ دیکھنے قطر پہنچ گئیں۔
قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور ٹینس سٹار نے اپنے انسٹاگرام کے اکاؤنٹ پر فٹبال کے میچ سے لطف اندوز ہونے کی تصاویر شیئر کیں۔ اس موقع پر ثانیہ مرزا کے شوہر شعیب ملک ان کے ساتھ گراؤنڈ میں دکھائی نہیں دیئے البتہ وہ اپنی بہن انعم مرزا کے ساتھ سیمی فائنل دیکھنے پہنچی تھیں۔
36 سالہ ٹینس سٹار اپنے مداحوں کو اپنی زندگی میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔ نئی شئیر کی گئی تصاویر میں بھی ارجنٹائن اور کروشیا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج سیمی فائنل سے لطف اندوز ہورہی ہیں۔
اپنی تصاویر کے ساتھ انہوں نے کپشن شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ کتنا حیرت انگیز ماحول اور تجربہ ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کے لیے دوحہ کا مختصر اور بہت پیارا سفر ۔ اس موقع پر ثانیہ نے سرمئی اور سفید جوتوں کے ساتھ سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔
واضح رہے گزشتہ ماہ ثانیہ مرزا اور ان کے شوہر شعیب ملک کے درمیان طلاق کی خبروں نے سر اٹھایا تھا جس کے بعد دونوں کی جانب سے آج تک کسی قسم کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی اور اس کے بعد سے دونوں کو کسی تقریب میں ایک ساتھ بھی نہیں دیکھا گیا۔