فٹبال ورلڈ کپ جیتنے اور رنر اپ ٹیموں کو کتنی رقم ملے گی؟ تفصیل سامنے آگئی

Published On 14 December,2022 06:45 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ جیتنے اور فائنل میں شکست کھانے والی ٹیموں کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟ اس کی تفصیل سامنے آگئی ہے۔

 فٹ بال ورلڈ کپ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے، کروشیا کو شکست دے کر ارجنٹائن کی ٹیم فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔ دوسری فائنل کھیلنے والی ٹیم کا فیصلہ آج رات کو فرانس اور مراکش کے میچ بعد ہو جائے گا۔

فٹ بال کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو چار کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی کثیر رقم بطور انعام کے طور پر ملے گی جبکہ فائنل ہارنے والی یعنی رنر اپ ٹیم کو تین کروڑ ڈالرز دئیے جائیں گے۔

فیفا نے فٹ بال ورلڈ کپ میں پہنچنے والی ہر ٹیم کیلئے کچھ رقم بطور انعام رکھی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر، چوتھے نمبر کی ٹیم کو دو کروڑ 50 لاکھ اور کوراٹر فائنل میں پہنچنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالردئیے جائیں گے۔

دوسری جانب ورلڈ کپ میں ’راؤنڈ آف 16‘ میں پہنچنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر دئیے جائیں گے جبکہ ورلڈ میں کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالر ملیں گے۔