سیمی فائنل میں شکست کے باوجود مراکش کی ٹیم گراؤنڈ میں سربسجود

Published On 15 December,2022 10:10 am

دوحہ : (ویب ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے ہاتھوں شکست کے باوجود مراکش کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں سجدہ ریز ہوکر مداحوں کے دل جیت لیے۔

سیمی فائنل کے پہلے ہاف میں فرانس نے پانچ منٹ کے اندر ہی گول کرکے مراکش کی ٹیم پر پریشر بڑھا دیا تھا جبکہ دوسرے ہاف میں 79 ویں منٹ میں فرانس نے ایک اور گول داغ کر اپنی فتح یقینی بنائی، فرانس کے ہاتھوں میگا ایونٹ کے اہم میچ میں شکست کے باوجود مراکش کے کھلاڑیوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے گراؤنڈ میں سجدے کیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کے بعد گراؤنڈ سے باہر جانے سے قبل مراکشی کھلاڑیوں نے پہلے اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا اور پھر سجدہ ریز ہوئے۔

مراکش کے کھلاڑیوں کے اس عمل کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے ۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں مراکش کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور افریقی ٹیم تھی۔