دوحہ (دنیا نیوز):اتوار کے روز فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا لیکن اس سے قبل ہی فرانس کے تین کھلاڑی بخار اور فلو میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
قطر میں فٹبال کا عالمی میلہ اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، فائنل مقابلے سے پہلے فرانس کی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آگئی ہیں ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فرانس کے 3 فٹبالر رافیل وران، ابراہیما کوناٹے اور کنگسلے مان نے فلو کی وجہ سے ٹریننگ سیشن میں شرکت نہیں کی ۔
فرانسیسی فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے بیمار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلو سے متاثرہ کھلاڑیوں نے خود کو کمروں میں قرنطینہ کرلیا ہے اورہر طرح کی احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں ۔
اس حوالے سے ٹیم ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ قطر میں کھلاڑیوں کے مسلسل ایئرکنڈیشنڈ ماحول میں رہنے کے باعث فلو کی شکایت ہوئی ہے ، کوشش ہے کہ ٹیم میں فلو کے وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان بائیسویں فیفا ورلڈ کپ کا فائنل معرکہ لوسیل آئیکونک سٹیڈیم میں 18 دسمبر کو ہوگا۔