دوحہ (دنیا نیوز) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونیوالے 2026 کے ورلڈ کپ فارمیٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے تصدیق کی ہے کہ قطر میں جاری ورلڈ کپ میں چار ٹیموں پر مشتمل گروپ والے فارمیٹ کی کامیابی کے بعد گورننگ باڈی 2026 کے ورلڈ کپ کے فارمیٹ پر نظر ثانی کرے گی۔
قطر میں ہونیوالے ورلڈکپ میں 1998 سے جاری فارمیٹ کے مطابق 32 ٹیمیں شریک تھیں جنہیں 4 ٹیموں پر مشتمل 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا، ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا، تاہم رواں ورلڈکپ اس فارمیٹ کا آخری ورلڈکپ ہوگا کیونکہ فیفا کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے کہ 2026 کا فٹبال ورلڈکپ زیادہ طویل ہوگا۔
2026 کے ورلڈکپ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ ٹورنامنٹ میں موجودہ 32 ٹیموں کے فارمیٹ کے بجائے 48 ٹیمیں شامل ہوں گی اور 16،16 ٹیموں کو 3 گروپ میں تقسیم کیا جائے گا۔
فیفا کی جانب سے ورلڈکپ میں 4 ٹیموں کے گروپ والے فارمیٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2026 کا ورلڈکپ بھی اسی فارمیٹ پر کرائے جانے کا بھی امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روزدوحہ میں فیفا کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیفا کے صدر نے کہا کہ چار ٹیموں کا گروپ شاندار رہا، آخری میچ کے آخری لمحات تک آپ کو معلوم نہیں تھا کہ کون آگے جائے گا جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں دلچسپی پیدا ہوئی، ہمیں اگلے اجلاس میں ورلڈکپ 2026کے فارمیٹ پر نظرثانی کرنا ہوگی۔