کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب پہنچ گئے ، پرتپاک استقبال

Published On 03 January,2023 06:43 am

ریاض : ( ویب ڈیسک ) معروف فٹبالر اور پرتگال فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ آج استقبالیہ تقریب میں النصر کلب کے ساتھ اپنے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو پیر کی رات گیارہ بجے کے قریب اپنی فیملی کے ساتھ پرائیویٹ جیٹ پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق آج شام (منگل ) 7 بجے رونالڈو کے اعزاز میں النصر کلب کی جانب سے استقبالہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اس موقع پر وہ کلب کے ساتھ اپنے معاہدے پر دستخط بھی کریں گے۔

اس تقریب کو کئی ٹی وی چینلز سے نشر کیے جانے کا امکان ہے جبکہ تقریب کے بعد سٹار فٹبالر پریس کانفرنس اور اپنے مداحوں سے خطاب بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر کے درمیان دو سال کا معاہدہ طے پا چکا ہے، رونالڈو اس سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلا کرتے تھے ، تاہم قطر میں ہونے والی فیفا ورلڈ کپ سے چند دن پہلے ہی انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اپنا پرانا تعلق ختم کر لیا تھا۔