میلبورن : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ کیرولین گارشیا اور بیلاروس کی آریانا سابالینکا آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز مقابلوں میں شاندار فاتحا نہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے شہرمیلبورن میں رواں سال پہلے گرینڈ سلام کا 111 واں میگا ایونٹ جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
ویمنز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں فرانسیسی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ کیرولین گارشیا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈین حریف کھلاڑی کیتھرین سیبوف کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 0-6 سے ہرا کر نہ صرف میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں بیلاروس کی آریانا سابالینکا نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی حریف کھلاڑی ٹریزا مارٹنکووا کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، ان کی فتح کا سکور 1-6 اور 4-6رہا ۔