آسٹریلین اوپن ٹینس مینزسنگلز: سٹیفانوس سیٹسیپاس پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچ گئے

Published On 27 January,2023 03:43 pm

سڈنی : (ویب ڈیسک ) یونان کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 3 سٹیفانوس سیٹسیپاس اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے ۔

آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے میلبورن میں جاری ہیں ، آج میلبورن کے راڈ لاور ایرینا میں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں یونان کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 3 سٹیفانوس سیٹسیپاس نے سخت مقابلے کے بعد حریف روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف کو 6-7(2-7)،4-6، 7-6(8-6) اور 3- 6سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل کیلئے  کوالیفائی کرلیا۔

سٹیفانوس سیٹسیپاس اور کیرن خچانوف کے درمیان مینز سنگلز سیمی فائنل میچ 3 گھنٹے اور 21 منٹس تک جاری رہا۔

اس فتح کے بعد یونان کے ٹینس سٹار سٹیفانوس سیٹسیپاس نے پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگلز فائنل میں پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے ۔

24 سالہ سٹیفانوس سیٹسیپاس کو اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کے لئے مزید ایک فتح کی ضرورت ہے۔

 

Advertisement