انٹرنیشنل فٹبالر کرسچن اتسو کی میت گھانا واپس پہنچ گئی

Published On 21 February,2023 02:27 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) دو ہفتے قبل ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے انٹرنیشنل فٹبالر کرسچن اتسو کی میت ان کے آبائی ملک گھانا پہنچ گئی ہے، میت کو خصوصی طیارے کے ذریعے گھانا منتقل کیا گیا جہاں مسلح فوج کے اہلکاران نے تابوت وصول کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گھانا سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ انٹرنیشنل فٹبالر کرسچن اتسو ترک سپرلیگ میں Hatayspor کی جانب سے کھیل رہے تھے، اتسو ترکیہ میں زلزلے کے بعد اپنے فلیٹ کے ملبے تلے مردہ پائے گئے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اتسو کے ایجنٹ نانا سیچرے کی ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا تھا کہ نیو کاسل کے سابق مڈفیلڈر کرسچن اتسو کی لاش ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلے کے 12 دن بعد ملی ہے۔

اتسو نے گھانا کی قومی ٹیم کی طرف سے 65 میچز کھیلے اور اپنی ٹیم کو 2015 کے افریقہ کپ آف نیشنز کے فائنل تک پہنچنے میں مدد کی، 31 سالہ فٹبالر پریمیئر لیگ کی جانب سے ایورٹن اور نیو کیسل کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔

ایئرپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے گھانا کے نائب صدر مہامودو بوومیا نے کہا کہ ہم یہ امید بالکل نہیں رکھتے تھے، ہم نے دعائیں مانگی تھیں لیکن افسوس ہے کہ ہمیں قومی ہیرو تب ملا جب وہ زندہ نہ رہا، آنجہانی فٹبالر کو بہت پیار ملا ہے اور اسے بہت یاد کیا جائے گا۔