انگلش پریمیئر لیگ : برینٹ فورڈ اور برائٹن اینڈ ہوو البیون نے میچز جیت لیے

Published On 16 March,2023 11:30 am

لندن : (ویب ڈیسک ) انگلش پریمیئر لیگ میں برینٹ فورڈ اور برائٹن اینڈ ہوو البیون نے اپنے اپنے میچز جیت لئے، برینٹ فورڈ نےساؤتھمپٹن اور برائٹن اینڈ ہوو البیون نے کرسٹل پیلس کو شکست دی۔

انگلش پریمیئر لیگ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہےجس میں شائقین فٹ بال کو شاندار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

سینٹ میری سٹیڈیم ، ساؤتھمپٹن کے مقام پر کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں برینٹ فورڈ کی ٹیم نےعمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ساؤتھمپٹن کی ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا، برینٹ فورڈ کی فتح میں ایوان ٹونی اور یونے ویسا نے ایک ایک گول کر کے کلیدی کردار ادا کیا۔

ایوان ٹونی نے پہلا گول میچ کے 32 ویں منٹ میں سکور کیا جبکہ یونے ویسا نے میچ کے آخری لمحات 90 ویں منٹ میں ایک گول سکور کیا ، ساؤتھمپٹن کی ٹیم میچ میں کوئی گول سکور نہ کر سکی۔

اس فتح کے بعد برینٹ فورڈ کی ٹیم ایک درجہ ترقی پاکر 41 پوائنٹس کے ساتھ نویں سے آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

ایمیکس سٹیڈیم، برائٹن میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں میزبان برائٹن اینڈ ہوو البیون نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد کرسٹل پیلس کی ٹیم کو 0-1 گول سے شکست دی ، برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم کی طرف سے واحد گول سولی مارچ نے میچ کے 16 ویں منٹ میں سکور کیا۔