اسلام آباد : ( ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے کہا ہے کہ فیڈریشن انٹرنیشنل ڈی فٹ بال ایسوسی ایشن ( فیفا ) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) کے الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے فنڈز روکے ہوئے ہیں ، ہم پاکستان میں فٹبال کا فروغ چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک نے ملاقات کی جس میں فٹبال فیڈریشن کے جلد الیکشن کے انعقاد اور کھیل کی ترقی کیلئے بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران احسان مزاری کا کہنا تھا کہ فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے فنڈز روکے ہوئے ہیں ، کوشش ہے کہ فیڈریشن کے انتخابات جلد ہوں، ہم پاکستان میں فٹبال کا فروغ چاہتے ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ اصل سٹیک ہولڈرز کو اونرشپ ملے۔
اس موقع پر ہارون ملک نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات 15 مئی کو ہوں گے ، فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کی مدت 30 جون 2023 کو مکمل ہو رہی ہے جبکہ 30جون تک فیڈریشن کے انتخابات کروانا ممکن نہیں ہیں۔