ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد الخطیب نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ارجنٹائن کے فٹبال سٹار لیونل میسی رواں ماہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
وزیر سیاحت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ " میں ایک بار پھر سعودی سیاحت کے سفیر اور سٹار فٹبالر لیونل میسی کو اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ اس ماہ سعودی عرب کے اپنے دوسرے دورے پر سعودی سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کے لیے خوش آمدید کہتا ہوں، وہ اپنے اس سفر کے دوران غیر معمولی تجربات اور ہمارے لوگوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے "۔
سعودی وزیر سیاحت نے مئی 2022 میں ایک ٹویٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ سب سے زیادہ گولڈن بال کا ایوارڈ جیتنے والے میسی سعودی سیاحت کا سفیر بن گئے ہیں۔
میسی نے گزشتہ برس سعودی عرب بالخصوص جدہ اور بحیرہ احمر کا دورہ کیا تھا، اس سے قبل بھی وہ کئی مواقع پر بطور کھلاڑی وہاں جا چکے ہیں۔
آخری مرتبہ ان کا دورہ گزشتہ جنوری میں ریاض سیزن کی ٹیم کے خلاف پیرس سینٹ جرمین کے میچ کے دوران ہوا تھا۔