بیونس آئرس : (ویب ڈیسک ) ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبال سپر سٹار لیونل میسی کو نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے خاندان کی ایک دکان پر فائرنگ بھی کی گئی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹائن کی پریس رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک مسلح گینگ نے ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم کے کپتان لیونل میسی کی اہلیہ انتونیلا کے خاندان کی ایک دکان پر فائرنگ کی ہے اور سٹار فٹبالر کے لیے دھمکی آمیز پیغام چھوڑا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اخبار نے رپورٹ شائع کی جس میں کہا گیا کہ یہ واقعہ جمعرات کی صبح میسی کے آبائی شہر روزاریو میں پیش آیا جہاں صبح تین بجے کے قریب فائرنگ کی گئی ، اس کے ساتھ کوئلے کے تھیلے کے ٹکڑے پر ایک دھمکی آمیز پیغام لکھا ہوا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور میسی کے پیچھے کیوں آئے تھے۔
پیغام میں لکھا گیا ہے کہ ’’ میسی، ہم آپ کا انتظار کر رہے ہیں، جافکن ایک منشیات فروش ہے، اور وہ آپ کی اچھی دیکھ بھال نہیں کرے گا۔‘‘ ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دکان پر کم از کم 14 گولیاں چلائی گئیں اور حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے تھے ۔
رپورٹس کے مطابق یہ دکان میسی کی اہلیہ انتونیلا کے خاندان کی ملکیت ہے ، میسی نے 2017 میں انتونیلا سے شادی کی اور ان کے 3 بچے ہیں۔ لیونل میسی نے اب تک اس واقعہ پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور اس وقت وہ پیری سینٹ جرمین کی طرف سے فٹبال کھیل رہے ہیں۔