ایف آئی اے لاڑکانہ کی کارروائی، کرنسی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

Published On 03 March,2023 11:04 am

کراچی : (دنیا نیوز ) فیڈرل انویسٹی گیشن بیورو (ایف آئی اے) لاڑکانہ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد کرتے ہوئے 3 ملزمان گرفتارکر لیے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق لاڑکانہ سرکل نے لاہوری محلہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی بھارتی کرنسی برآمد کرلی ، گرفتار تینوں ملزمان کے قبضے سے 16 لاکھ 84 ہزار بھارتی کرنسی برآمد کی گئی ہے ۔

ایف آئی اے لاڑکانہ حکام کے مطابق برآمد کرنسی کی مالیت پاکستانی 56 لاکھ 87 ہزار 3 سو 9 روپے ہے، گرفتار ملزمان کی شناخت شعبان علی جاگیرانی، محمد ادریس پنہور اور عبدالرزاق انصاری کے نام سے ہوئی ہے۔

گرفتار ملزمان غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں ، ملزمان کے قبضے سے حوالہ ہنڈی کی رسیدیں اور موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔


 

Advertisement