پیرس : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن ( ایف ایف ایف ) کے صدر نوئل لی گریٹ نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ لی گریٹ کے خواتین کے ساتھ برتاؤ، ان کے بیانات اور دیگر امور میں ناکامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انکے پاس تنظیم کو چلانے اور اس کی نمائندگی کرنے کے لیے ضروری قانونی حیثیت نہیں رہی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ لی گریٹ کو اپنے عہدے پر واپس نہیں آنا چاہیے کیونکہ ان کا برتاؤ ان کے کاموں کو انجام دینے سے مطابقت نہیں رکھتا۔
ایف ایف ایف کے کئی ارکان نے کہا ہے کہ لی گریٹ عالمی گورننگ باڈی فیفا کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں گے۔
لی گریٹ اس سے قبل بھی جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کا سامنا کر چکے ہیں تاہم وہ ان الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں، وہ 11 سال تک عہدے پر براجمان رہے اور انکے عہدے کی مدت 2024 میں ختم ہونا تھی۔