لزبن : ( ویب ڈیسک ) الیگزینڈر سیفرین بلا مقابلہ تیسری مدت کے لئے یونین آف یورپین فٹ بال ایسوی ایشنز ( یوئیفا ) کے صدر منتخب ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق الیگزینڈر سیفرین پہلی بار سابق صدر مشیل پلاٹینی کے بعد 2016 میں صدر منتخب ہوئے تھے اور وہ اب 2027 تک عہدے پر براجمان رہیں گے۔
سیفرین نے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد یو ای ایف اے کانگریس کے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی متفقہ حمایت کے لیے دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، یہ واقعی میرے لئے بہت معنی رکھتا ہے، یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے لیکن بنیادی طور پر یہ میرے لیے ایک عظیم ذمہ داری ہے۔
سیفرین اگلے سال شروع ہونے والی چیمپئنز لیگ کے لیے نئے فارمیٹ کے تعارف کی نگرانی کریں گے۔
چیمپئنز لیگ کا نیا فارمیٹ 2024/25 کے سیزن سے متعارف کرایا جائے گا، جس میں گروپ مرحلے میں شامل کلبوں کی تعداد 32 سے بڑھ کر 36 ہو جائے گی جسے سوئس سسٹم بھی کہا جاتا ہے۔