نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں احتجاج کرنے والے ایلیٹ ریسلرز نے انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ جب ریسلرز کی جانب سے مظاہرے کی اجازت مانگی جائے گی تو انہیں کوئی اور جگہ تجویز کی جائے گی۔
قبل ازیں اتوار کے روز بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر ریسلرز نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پولیس نے احتجاج کرنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے نہ صرف ان پر تشدد کیا بلکہ انہیں گرفتار کر لیا۔
ریسلنگ کی عالمی باڈی یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) نے ریسلرز کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے مذمتی بیان جاری کیا ہے۔
عالمی باڈی نے فیڈریشن کے صدر کے خلاف تحقیقات کو سامنے نہ لانے پر بھی تنقید کی ہے۔
عالمی باڈی یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے کہا ہے کہ 45 روز میں انتخابات نہ کرائے گئے تو انڈین ریسلنگ فیڈریشن کو معطل کر دیا جائے گا، ریسلرز کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اور انہیں حراست میں رکھنا قابل مذمت ہے، الزامات کی مکمل تحقیقات کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریسلرز نے بات چیت کر کے معاملات حل کرنے کے لیے 5 روز کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔
یادرہے کہ خواتین ریسلرز نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے طاقتور سیاستدان اور فیڈریشن چیف برج بھوشن سنگھ کی جانب سے برسوں تک ہراساں کیے جانے کے خلاف اپریل میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
ان کا مطالبہ ہے کہ برج بھوشن سنگھ کو عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے جبکہ فیڈریشن چیف برج بھوشن کی جانب سے الزامات کی تردید کر دی گئی تھی۔