اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) پرائم منسٹر خواتین یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام خیبرپختونخوا فٹ بال کے ٹرائلز کے لیے تاریخ اور وینیوز کا اعلان کر دیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں 6 سے 8جون تک مردان سپورٹس بورڈ میں ٹرائلز ہونگے جبکہ 9 جون سے گیارہ جون تک شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور اور عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ کے ٹرائلز ہونگے ۔
سوات ریجن کے لیے 12سے 14جون تک سوات پبلک سکول جونئیر برانچ نیو کلے ہزارہ ریجن کے لیے15سے17جون تک ایبٹ آباد کے پولیس گراؤنڈ میں ہونگے۔
ساؤتھ ریجن خیبرپختونخوا کے بنوں اور کوہاٹ میں18جون کو بنوں ایف ای ایف بنوں ، گرلز ڈگری کالج بنوں ٹاؤن شپ اور 19 تاریخ کو کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس کوہاٹ کے ٹرائلز ہونگے۔
پروگرام خیبر پختونخوا میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس یونیورسٹی آف چارسدہ آرگنائز کریگی، تمام پروگرام سابق انٹرنیشنل اتھلیٹ اور ڈائریکٹر سپورٹس باچا خان یونیورسٹی چارسدہ و آرگنائزنگ سیکرٹری پرائم منسٹر فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ فی میل پروگرام شبانہ خٹک کے زیر نگرانی ہونگے۔
شبانہ خٹک کے مطابق پروگرام میں15سال سے25سال کی بچیاں حصہ لینے کی اہل ہوگی جبکہ پاکستان میں کسی بھی شعبے میں سپورٹس کوٹہ پر کام کرنے والی خواتین حصہ لینے کی اہل نہیں ہوگی ۔
انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو میگا سپورٹس پروگرام کے لیے پورے خیبر پختونخوا میں ان پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم صوبے میں چھپے اس حقیقی مستحق ٹیلنٹ کو اجاگر کریں جن کو آج تک کوئی موقع نہیں ملا ہے اور وہ نیشنل و انٹرنیشنل میڈیا سے اوجھل ہیں۔
شبانہ خٹک نے مزید کہا کہ ہم انکو موقع دے کر نکھار کے خیبرپختونخوا، ہائیرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار کرینگے تاکہ وہ علاقے، صوبے ، ہائیر ایجوکیشن اور پاکستان کا نام روشن کریں۔
آرگنائزنگ سیکرٹری شبانہ خٹک خود پاکستان انٹرنیشنل اتھلیٹ رہ چکی ہیں، انہوں نے کامن ویلتھ گیمز، ورلڈ یونیورسٹد گیمز، ورلڈ وومن گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔