ریاض : (ویب ڈیسک ) کرسٹیانو رونالڈو کے بعدعالمی شہرت یافتہ فرانسیسی فٹ بالر کریم بینزیما بھی سعودی عرب کے فٹ بال کلب 'الاتحاد' سے وابستہ ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما نے 14 سال بعد ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کو خیرباد کہنے کے بعد سعودی فٹبال کلب ’الاتحاد‘ کے ساتھ معاہدہ طے کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ’الاتحاد‘ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں کریم بینزیما کو سعودی فٹبال کلب کے ساتھ 2026ء تک کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو کے آخر میں فرانسیسی سٹرائیکر نے عربی زبان میں سعودی فٹبال کلب ’الاتحاد‘میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کو جدہ میں دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔
Benzema is here
— Ittihad Club (@ittihad_en) June 6, 2023
A new tiger will roar
Welcome to Ittihad!#Benzema2Ittihad#here2inspireKSA pic.twitter.com/I3GEm90fRB
کریم بینزیما اپنے ساتھی کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہیں جوکہ سعودی فٹبال کلب’النصر‘ کا حصہ ہیں۔
کریم بینزیما کے کیرئیر پرایک نظر
35 سالہ کریم بینزیما 2009ء سے ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے نظر آرہے ہیں اور اب تک اُنہوں نے چیمپئنز لیگ کی 5 ٹرافیوں سمیت کئی کلب ٹائٹلز جیتے ہیں ، انہوں نے مجموعی طور پر 648 میچ کھیلے ہیں اور 354 گول کے ساتھ ریال میڈرڈ کی جانب سے سب سے زیادہ گول سکور کرنے والوں کی فہرست میز دوسرے نمبر پر ہیں، ان سے آگے صرف کرسٹیانو رونالڈو ہیں۔
کریم بینزیما 2009 میں فرانس کے فٹ بال کلب ’اولمپیک لیونیز‘ کو چھوڑ کر ریال میڈریڈ کا حصہ بنے تھے جس کے بعد وہ 14 برس تک ہسپانوی کلب کا حصہ رہے۔
سال 2018 میں دنیا کے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ریال میڈرڈ کو چھوڑ کے اٹلی کے فٹ بال کلب ’یوانٹس‘ کا حصہ بنے تو بینزیما کو سپین کے کلب ریال میڈرڈ میں بطور سٹرائیکر اپنا کردار ادا کرنے کا بھرپور موقع ملا۔
اس دوران ریال میڈرڈ نے یورپ کے فٹ بال کلبوں کی لیگ چیمپئنز لیگ پانچ بار جبکہ چار بار سپینش لیگ ’لالیگا‘ اپنے نام کی۔
بینزیما کے لیے ریال میڈرڈ کے ہمراہ سب سے بہترین سیزن 22-2021 تھا جب انہوں نے 44 گول داغے تھے ، اسی دوران کلب نے 14ویں بار چیمپئنز لیگ اپنے نام کی جب کہ لالیگا کا تاج بھی سر پر سجایا ۔
کریم بینزیما کو 2021 میں چھ برس بعد فرانس کی قومی ٹیم میں واپس بلایا گیا تھا، انہیں 2015 میں 27 برس کی عمر میں اس وقت قومی ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا جب ان پر ایک ساتھی کھلاڑی کو بلیک میل کرنے کا الزام لگا یا گیاتھا۔
بینزیما نے گزشتہ برس دنیا کے بہترین فٹ بال کھلاڑی ہونے کا ایوارڈ بیلن ڈی اور اپنے نام کیا تھا اس کے بعد انہوں نے مزید ایک برس سپین کے کلب ریال میڈرڈ کے ساتھ گزار لیکن اس دوران انہیں کئی بار انجریز کا سامنا کرنا پڑا۔
انجریز کے باعث 35 سالہ کریم بینزیما نومبر اور دسمبر 2022 میں قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی سے محروم رہے تھے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر سے فٹبال کے شاندار ٹیلنٹ کو اپنی فٹبال لیگ کی جانب راغب کرنے کا خواہشمند ہے اور اس مقصد کے لیے مبینہ طور پر 10 سے زائد ایسے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جنہوں نے چیمپئنز لیگ یا ورلڈ کپ جیتا ہو۔
اس فہرست میں ریال میڈرڈ اور کروشیا کے مڈفیلڈر لوکا موڈرک، ٹوٹنہم کے گول کیپر ہیوگو لوریس اور فرانس کے کھلاڑی این گولو کانٹے شامل ہیں، یہ تمام کھلاڑی اپنے کیریئر کے اختتام پر ہیں۔