مانچسٹر سٹی نے پہلی بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

Published On 11 June,2023 09:07 am

استنبول : (ویب ڈیسک ) مانچسٹر سٹی نے پہلی مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔

استنبول کے اولمپک اتاترک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے اطالوی کلب انٹر میلان کو ایک صفر سے شکست دی۔

فائنل میچ کا آغاز تیزی سے ہوا، انٹر میلان نے ابتدا میں حملے کیے مگر اُن کوکامیابی نہیں ملی، مانچسٹر سٹی نے کچھ وقت گزرنے کے بعد کھیل کا کنٹرول سنبھال لیا اور زیادہ تر گیند اپنے پاس رکھی لیکن وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے، وقفے پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔

دوسرے ہاف میں دونوں جانب سے حملے کیے گئے جس میں آخر کار کامیابی مانچسٹر سٹی کو ملی ، 68ویں منٹ میں روڈریگو ہرنانڈس نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔

نقصان میں جانے کے بعد انٹر میلان نے حملوں کی رفتار بڑھادی ،کھیل ختم ہونے سے ذرا پہلے انٹر میلان کے کھلاڑیوں نے خطرناک وار کیا مگر مانچسٹر سٹی کے گول کیپرایڈرسن نے اُسے ناکام بناکر میچ برابر نہ ہونے دیا۔

ریفری کی فائنل وسل کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی نے ایک صفر سے فتح سمیٹی اور پہلی بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا، مانچسٹر سٹی اس سیزن میں انگلش پریمیئر لیگ اور ایف اے کپ کی ٹرافی بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

مانچسٹر یونائٹڈ کی جانب سے 1999 میں ایک ساتھ انگلش پریمیئر لیگ، ایف اے کپ اور چیمپئنز لیگ جیتنے کے بعد مانچسٹر سٹی تینوں ٹائٹل اپنے نام کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔

دو سال قبل بھی مانچسٹر سٹی یوئیفا چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم چیلسی کے مقابلے میں اسے شکست سے دوچار ہوناپڑا تھا۔