گلگت : ( ویب ڈیسک ) یوتھ ورلڈ چیمپئن اور قومی باکسر عثمان وزیر نے قراقرم انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں اپنے ورلڈ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔
عثمان وزیر نے تنزانیہ کے باکسر فقیری سلیم کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی، آٹھ راؤنڈ کی فائٹ میں تمام ججز نے متفقہ طور پر عثمان وزیر کو فاتح قرار دیا۔
مقابلے کے آغاز پر فقیری سلیم نے عثمان وزیر کو دباؤ میں لیے رکھا اور ابتدائی راؤنڈز میں عثمان وزیر دفاع میں مصروف رہے۔
آٹھ راؤنڈز کی اس فائٹ میں آخری دو راؤنڈز عثمان وزیر نے عمدہ طریقے سے لڑے اور اپنے تابڑ توڑ مکوں سے حریف کو بے بس کردیا۔
خیال رہے کہ عثمان وزیر اپنے ہوم گراؤنڈ گلگت میں پہلی بار اپنے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کر رہےتھے اور وہ گیارہ صفر کے سکور کے ساتھ اب تک ناقابل شکست ہیں۔