ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی فٹ بال کلب الہلال نے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کیلین ایمباپے کو اپنے کلب کا حصہ بنانے کے لیے 33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بولی دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایمباپے اس وقت فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں شامل ہیں، فرانسیسی کلب نے ایمباپے کی خدمات نیلامی کے لیے پیش کر دی ہیں۔
پیرس سینٹ جرمین کلب نے انہیں جاپان اور جنوبی کوریا کے پری سیزن دورے کے لیے اپنی ٹیم میں شامل نہیں کیا اور یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ صرف ان کھلاڑیوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں جو کلب کے ساتھ بھرپور طور پر جڑے ہوئے ہیں۔
پی ایس جی کو صرف الہلال کی ریکارڈ ساز پیشکش موصول نہیں ہوئی ہے بلکہ کئی دوسرے کلبوں نے بھی پیشکش کی ہے جن میں ایمباپے کے بدلے نقد رقم اور کھلاڑی دینے کی پیشکش بھی شامل ہے لیکن الہلال نے عالمی ریکارڈ بولی دیکر ایمباپے کو اپنا حصہ بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ ایمباپے کے معاہدے کا ایک سال باقی ہے۔ وہ نئے معاہدے پر دستخط کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ پی ایس جی کا ماننا ہے کہ ایمباپے اگلی موسم گرما میں ریئل میڈرڈ میں مفت شامل ہونے پر راضی ہو چکے ہیں تاہم ریئل اب ایمباپے کے لیے باضابطہ بولی لگائے گا تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ اسے ایمباپے سے دوبارہ ہاتھ نہ دھونے پڑیں۔