الجزائر کی قومی ٹیم کے کپتان ریاض محرز مانچسٹر سٹی چھوڑ کر سعودی کلب الاہلی میں شامل

Published On 30 July,2023 08:57 am

ریاض : (ویب ڈیسک ) الجزائر کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان ریاض محرز مانچسٹر سٹی چھوڑ کر سعودی عرب کے کلب الاہلی میں شامل ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق الاہلی کے ساتھ ان کا معاہدہ 2027 تک ہوگا لیکن اس کی مالی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ، البتہ برطانوی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ پریمیئر لیگ چیمپیئن نے سعودی کلب کی جانب سے ساڑھے تین کروڑ یورو (38.53 ملین ڈالر) کی پیش کش قبول کرلی ہے جبکہ انھیں 50 لاکھ یورو اضافی ملیں گے۔

اس حوالے سے 32 سالہ الجزائری فٹبالر محرز نے ایک بیان میں کہا کہ مانچسٹر سٹی کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں ٹرافی جیتنے اور اپنے فٹ بال سے لطف اندوز ہونے کے لیے سٹی میں شامل ہوا تھا ، میں نے یہ سب حاصل کیا اور اس کے علاوہ بھی بہت کچھ حاصل کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ میں نے اس فٹ بال کلب کے ساتھ پانچ ناقابل فراموش سال گزارے ہیں، ناقابل یقین کھلاڑیوں، شاندار سپورٹرز اور دنیا کے بہترین مینجر کے ساتھ کام کیا ہے، مانچسٹرسٹی (کلب) ہمیشہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا اور بہترین حصہ رہے گا۔

محرز نے مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھیلتے ہوئے تمام 236 میچوں میں 78 گول سکور کیے اور 59 گول ان کی مدد سے ہوئے ، اور کلب میں 11 ٹرافیاں جیتیں ، جن میں 2018 میں لیسٹر سٹی چھوڑنے کے بعد پانچ لیگ ٹائٹل بھی شامل ہیں۔

گزشتہ سیزن میں  پیپ گارڈیولا کی ٹیم کے لیے کھیل میں ان کا کردار کم ہوگیا تھا اور انھوں 47 میچوں میں 15 گول سکور کیے تھے۔

انھوں نے ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں ہیٹ ٹرک کی تھی لیکن وہ ایف اے کپ اور چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ایکشن سے محروم رہے لیکن اس کے باوجود وہ سٹی کی جانب سے تاریخی تین ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے تھے اور گزشتہ برس انھوں نے 2025 تک اپنے معاہدے کی تجدید کی تھی۔

محرز سینیگال کے گول کیپر ایڈورڈ مینڈی کے ساتھ الاہلی کی ٹیم کاحصہ ہوں گے ، وہ گزشتہ ماہ چیلسی کلب کو چھوڑ کر سعودی کلب میں شامل ہوئے تھے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مانچسٹر سٹی کلب ایک اور مڈفیلڈر سے بھی محروم ہو سکتا ہے کیونکہ پرتگال کے بین الاقوامی کھلاڑی برنارڈو سلوا کی بھی سعودی عرب کے کلب الہلال میں منتقلی کے لیے بات چیت جاری ہے اور ان کے درمیان اس سلسلے میں معاہدے کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ جنوری میں پرتگال کے فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈو کے النصر کلب میں منتقل ہونے کے بعد سے سعودی پرو لیگ یورپ میں مختلف کلبوں کی جانب سے کھیلنے والے بین الاقوامی فٹ بال کھلاڑیوں کے لیے ایک پرکشش منزل بن گئی ہے۔