سڈنی / ویلنگٹن : ( ویب ڈیسک ) ویمنز فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں کولمبیا اور فلپائن نے اپنے اپنے میچز جیت لئے جبکہ سوئٹزرلینڈ اور ناروے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ویمنز ورلڈ کپ کے منگل کو سڈنی فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کولمبیا نے جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دی۔
فاتح کی کھلاڑی کتالینکا اسمے نے 30 ویں منٹ میں پینلٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا ئی جس کے کچھ دیر بعد ہی نوجوان کھلاڑی کائیسیڈو نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو 2-0 کردیا جو میچ کے آخری تک برقرار رہی۔
ویلنگٹن ریجنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سٹیج کے ایک اور میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کو فلپائن کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، فلپائن کی سرینا ایزابیل نے 24 ویں منٹ میں سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
گزشتہ روز سوئٹزرلینڈ اور ناروے کے مابین ویکاٹو سٹیڈیم میں کھیلا گیا آخری میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔