آسٹریلین اوپن: جینک سنر نے سیمی فائنل میں نوویک جوکووچ کوہرا دیا

Published On 26 January,2024 03:25 pm

میلبورن : (ویب ڈیسک ) عالمی نمبرون نوویک جوکووچ کا 25 واں گرینڈ سلام جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا ، آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگلز کے سیمی فائنل میں اٹلی کے نامور ٹینس سٹار، عالمی نمبر چار اور میگا ایونٹ کے فورتھ سیڈڈجینک سنرنے عالمی نمبر ون نوویک جوکووچ کو ہراکر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ۔

22 سالہ اطالوی ٹینس سٹار نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں حریف سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار، عالمی نمبرون ، میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ ، دفاعی اور دس بار کے آسٹریلین اوپن چیمپئن نوویک جوکووچ کوہرا کر پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلام ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔

مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں جینک سنر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سخت مقابلے کے بعد عالمی نمبرون اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کو 1-6، 2-6، 7-6(8-6) اور 3- 6سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلام ایونٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

اس شکست سے  سربین ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کا گیارہویں مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اور اپنے کیریئر کا 25واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا خواب چکناچور ہوگیا ہے جبکہ  فاتح اطالوی ٹینس سٹار جینک سنر کو پہلی مرتبہ کوئی گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کے لئے مزید ایک فتح درکار ہے۔

36 سالہ سربین سٹار نوویک جوکووچ  2018 کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن ہارے ہیں ، جینک سنر آئندہ اتوار آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگلز کے فائنل میں  روسی تھرڈ سیڈ ڈینیئل مدویدیف یا جرمنی کے سکستھ سیڈ ڈالیگزینڈر زویروف سے مقابلہ کرینگے ۔