میلبورن : (ویب ڈیسک ) اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر چار ، میگا ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ جینک سنرنے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے میلبورن میں جاری ہیں ، مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں نامور ٹینس سٹار ،میگا ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ جینک سنر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے روس کے نامور ٹینس سٹار عالمی نمبر تین اور دو بار کے آسٹریلین اوپن کے فائنلسٹ ڈینیئل مدویدیف کو نہ صرف شکست دی بلکہ کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل جیت لیا۔
اٹلی کے 22 سالہ جینک سنرکی فتح کا سکور 6-3، 6-3، 4-6، 4-6 اور 3-6تھا۔
اس سے قبل میگا ایونٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں جینک سنر نے سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ون ، میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ ، دفاعی اور دس بار کے آسٹریلین اوپن چیمپئن نوویک جوکووچ کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔
جینک سنر 2008 کے بعد کم عمر ترین آسٹریلین اوپن ٹینس کے فاتح کھلاڑی بن گئے ہیں، ان سے قبل سربین سٹار نوویک جوکووچ نے 20 سال کی عمر میں گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اس فتح کے بعد جینک سنر کے اے ٹی پی ٹائٹل کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔