ڈیوس کپ ٹائی میں قومی کھلاڑی جیت کیلئے پرعزم ہیں: کپتان محمد عابد

Published On 02 February,2024 12:29 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) قومی ٹیم کے کپتان محمد عابد نے کہا ہے کہ ڈیوس کپ میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں ، تمام کھلاڑی ڈیوس کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

ڈیوس کپ ورلڈ گروپ پلے آف میچ پاکستان بمقابلہ بھارت سے قبل مقامی ہوٹل میں اعصام الحق قریشی، عقیل خان اوردیگر کھلاڑیوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس بار ہماری تیاری اچھی ہے ،  کم بیک کریں گے اور جیتیں گے ، ہماری ٹیم انڈین ٹیم سے نمبر میں پیچھے ہے لیکن قوم کی دعاؤں کے ساتھ اس بار جیت ہماری ہوگی ۔

اعصام الحق نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں آنے والی تمام ٹیمیں ہم سے مضبوط تھیں، ہم نے ماضی میں مضبوط ٹیموں کو ہرایا ہے، گراس کورٹس کا ہمیں ایڈوانٹیج ہو گا، ضرورت پڑی تو سنگلز میچ بھی کھیلوں گا۔

عقیل خان نے کہا کہ رینکنگ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، بھارت سے مقابلے کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے، اچھی ٹینس کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

اعصام الحق نے مزید کہا کہ ڈیوس کپ ٹائی کے حوالے پاکستان میں اتنی بڑی پریس کانفرنس نہیں دیکھی، عقیل خان نے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان میں ٹینس کی اکیڈمی قائم کریں، ہمیں پورے پاکستان کے لیے ٹینس کا پروگرام چاہیے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت نے درمیان ڈیوسں کپ ٹائی  3اور 4 فروری کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے گراس کورٹ پر کھیلی جائیگی، اعصام الحق قریشی، عقیل خان، مزمل مرتضی، محمد شعیب اور برکت اللہ شامل ہیں جبکہ محمد عابد نان پلیئنگ کپتان ہونگے۔