ڈیوس کپ ٹائی: 60 سال بعد بھارت کی ٹینس ٹیم آج پاکستان میں میچ کھیلے گی

Published On 03 February,2024 04:50 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 6 دہائیوں بعد پہلی بار بھارت کی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی کے مقابلے میں آج پاکستان کیخلاف ٹینس میچ کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق 60 سال بعد بھارتی ٹیم آج پاکستان میں ہونے والے کسی ٹینس کے مقابلے میں حصہ لے گی، ڈیوس کپ ٹائی کے مقابلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے گراس کورٹ میں مدمقابل ہوں گی، دو ڈبلز اور دو سنگلز میچز آج اور کل کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹیم میں اعصام الحق قریشی، عقیل خان، مزمل مرتضیٰ، محمد شعیب اور برکت اللہ شامل ہیں جبکہ محمد عابد نان پلیئنگ کپتان ہوں گے، قومی ٹینس ٹیم بھارت کیخلاف اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پر امید ہے۔

ڈیوس کپ ورلڈ گروپ پلے آف میچ سے قبل اعصام الحق قریشی، عقیل خان اور دیگر کھلاڑیوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس بار ہماری تیاری اچھی ہے، کم بیک کریں گے اور جیتیں گے، ہماری ٹیم بھارتی ٹیم سے نمبر میں پیچھے ہے لیکن قوم کی دعاؤں کیساتھ جیت ہماری ہوگی۔

ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں آنے والی ٹیمیں ہم سے مضبوط تھیں، ہم نے ماضی میں مضبوط ٹیموں کو ہرایا ہے، گراس کورٹس کا ہمیں ایڈوانٹیج ہو گا، ضرورت پڑی تو سنگلز میچ بھی کھیلوں گا، ڈیوس کپ ٹائی کے حوالے پاکستان میں اتنی بڑی پریس کانفرنس نہیں دیکھی۔

عقیل خان نے کہا ہے کہ رینکنگ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، بھارت سے مقابلے کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے، اچھی ٹینس کھیلنے کی کوشش کریں گے، کوشش ہے کہ پاکستان میں ٹینس کی اکیڈمی قائم کریں، ہمیں پورے پاکستان کیلئے ٹینس کا پروگرام چاہیے۔