کیلیفورنیا : (ویب ڈیسک ) سپین کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز،جرمنی کے ٹینس کھلاڑی الیگزینڈرزویروف اوراطالوی ٹینس سٹار جینک سنر اے ٹی پی انڈین ویلز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
امریکا کی مشہور ریاست کیلیفورنیا کے انڈین ویلز ٹینس گارڈن میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔
آج کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں سپین کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہنگری کے حریف کھلاڑی فیبیان ماروزانم کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 3-6 سے شکست دے کر ایونٹ کے ٹاپ ایٹ راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
جرمنی کے ٹینس کھلاڑی الیگزینڈرزویروف نے آسٹریلیا کے کے حریف کھلاڑی ایلکس ڈی مینور کو 7-5، 2-6اور 3-6 سے مات دے کر چوتھی رکاوٹ عبور کرلی۔
ایک اور میچ میں اطالوی ٹینس سٹار جینک سنرنے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی بینجمن ٹوڈ شیلٹن کو سٹریٹ سیٹس میں 6-7(4-7) اور1-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کوارٹر فائنل راؤنڈ میں کارلوس الکاراز کا مقابلہ جرمنی کے ٹینس کھلاڑی الیگزینڈرزویروف سے ہوگا ۔
آسٹریلوی ٹینس سٹار ایلکس ڈی مینور اور امریکا کے بینجمن ٹوڈ شیلٹن پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر گئے ہیں۔