نیشنز ہاکی کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 18 June,2025 05:32 pm

کوالالمپور : (دنیا نیوز) نیشنز ہاکی کپ کے اہم معرکے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دیدی اور سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا۔

ملائیشیا میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے اہم معرکے میں پہلے کواٹر کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف 1-3 کی برتری حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے کواٹر کے 6 منٹ میں اپنا پہلا گول سکور کیا، کیویز کی جانب سے ووڈ نک گیند کو جال میں پہنچایا، تاہم میچ کے 13ویں اور 14ویں منٹ میں پاکستان نے مسلسل 2 گولز داغ کر برتری حاصل کی۔

دوسرے کواٹر میں بھی پاکستان نے اپنے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا اور حریف ٹیم کو دباؤ لاتے ہوئے 28ویں منٹ گول اسکور کرکے برتری بڑھادی، پاکستان کی جانب سے ابتدائی دونوں گولز عبدالرحمان جبکہ تیسرا گول رانا وحید اشرف نے اسکور کیے۔

تیسرے کواٹرے میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر مسلسل حملے جاری رکھے، 43ویں اور 45ویں منٹ میں اسکاٹ کولسٹ نے مسلسل 2 گول داغ پاکستان کی برتری ختم کردی اور میچ 3-3 گولز سے برابر ہوگیا۔

چوتھے کواٹر میں کیویز کی جانب سے 52ویں منٹ میں اسکاٹ کولسٹ نے میچ کا تیسرا گول داغ کر کیویز کو پاکستان کیخلاف برتری دلوائی، انہوں نے پنالٹی کارنر پر گول اسکور کیا اور یوں نیوزی لینڈ نے پاکستان پر 3-4 کی سبقت حاصل کرلی۔

قبل ازیں پاکستان نے گزشتہ روز اپنے دوسرے میچ میں جاپان کو 0-3 سے شکست دی تھی۔

پہلے میچ میں پاکستان اور میزبان ملائیشیا کا میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا، دوسری جانب پول اے سے فرانس اور کوریا کی ٹیموں نے پہلے ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔